چند اہم نکات

سایٹ دفتر حضرت آیة اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی

صفحه کاربران ویژه - خروج
ذخیره کریں
 
تفسیر نمونہ جلد 06
چند مزید نکاتنفاق پھیلانے والوں سے علیحدگی کا حکم

چند اہم نکات

۱۔ اس آیت سے کون لوگ مراد ہیں؟ مفسرین میں سے کچھ افراد کا خیال ہے کہ یہ آیت یہود ونصاریٰ کے بارے میں نازل ہوئی ہے جو مختلف گروہوں میں بٹ گئے تھے اور ایک دوسرے کے مقابلے میں صف آرا ہوگئے تھے ۔
بعض دوسرے مفسّرین کا خیال ہے کہ یہ اسی امّت محمّدی کے ان تفرقہ انداز کی طرف اشارہ کررہی ہے جنھوں نے مختلف تعصبّات اور جذبہٴ تفوق طلبی اور جاہ پسندی کی وجہ سے اس امت مسلمہ کے درمیان نفاق وافتراق کا بیج بویا ہے ۔
لیکن واقعہ یہ ہے کہ اس آیہٴ کریمہ میں عمومی طور سے ان تمام تفرقہ پسند افراد کا حکم بیان کیا گیا ہے جنھوں نے طرح طرح کی بدعتیں ایجاد کرکے بندگانِ خدا کے درمیان نفاق واختلاف پھیلایا ہے، چاہے وہ پچھلی امتوں میں گزرے ہوں یا ان کا تعلق اس امت سے ہو ۔
لہٰذا اگر ہمیں اہلبیت طاہرین علیہم السلام کی روایات میں اور اسی طرح اہل سنّت کی روایات میں بھی یہ ملتا ہے کہ اس آیت سے اس امت کے تفرقہ انداز اور بدعت پھیلانے والے لوگ مراد ہیں(1) تویہ بیان مصداق کے طور پر ہے (نہ کہ اس سے انحصار مراد ہے)کیونکہ اگر اس مصداق کو بیان نہ کیا جاتا تو بعض کو یہ خیال گزرتا کہ اس آیت سے صرف پچھلی امتیں مراد ہے، اس طرح وہ خود کو اس آیت کی مذمّت سے بَری قرار دے لیتے ۔
تفسیر علی بن ابراہیم قمی میں امام محمد باقر علیہ السلام سے اس آیت کے ذیل میں روایت ہے:
”فارقوا امیر المومنین علیہ السلام وصاروا احزاباً“
یعنی اس آیت میں ان لوگوں کی جانب اشارہ ہے جنھوں نے امیرالمومنین علیہ السلام کو چھوڑدیا اور وہ مختلف گروہوں میں تقسیم ہوگئے ہیں(2)
نیز وہ روایات بھی اس مطلب پر دلالت کرتی ہیں جن میں حضرت رسالتمآب صلی الله علیہ وآلہ وسلم نے پیشنگوئی کے طور پر فرمایا ہے:
” میرے بعد یہ امّت مختلف گروہوں میں بٹ جائے گی“=

تفرقہ اور نفاق کی برائی

یہ آیت اس امر کی بڑی تاکید کے سات دُہرا رہی ہے کہ اسلام آئین وحدت ویگانگی ہے اور ہر طرح کے نفاق،تفرقہ اور انتشار سے بیزار ہے، اس بناپر بڑی تاکید کے ساتھ پیغمبر اکرم صلی الله علیہ وآلہ وسلم سے ارشاد الٰہی ہے کہ تمھارے کام کو تفرقہ انداز لوگوں سے کوئی مشابہت نہیں ہے، خدائے قہّار ومنتقم ان سے انتقام لے لے گا اور ان کے انجام بد کو ان کے سامنے لائے گا ۔
توحید نہ صرف ایک اصل اسلام ہے بلکہ اسلام کے تمام اصول و فروع اور اس کے تمام آئین و فرامین توحید کے محور پر گھومتے ہیں ۔ تمام تعلیمات اسلامی کے پیکر میں توحید روح کی حیثیت رکھتی ہے ۔ جسدِ اسلام میں توحید ہی کی روح پھونکی گئی ہے ۔
لیکن بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ وہ آئین اسلام جس کے تمام اصولوں کو محدت و یگانگی نے جیات بخشی ہے آج وہی آئیں، تفرقہ اندازوں اور نفاق افگنوں کے ہاتھوں کچھ اس طرح گرفتار ہوا ہے کہ اس کے اصلی خداو خال گم ہو کر رہ گئے ہیں ۔ ہر روز ایک نغمہٴ شوم اس صدائے بوم کی طرح جو ویرانہ میں سنائی دے، کسی نہ کسی گوشہ سے بلند ہوتا ہے اور کوئی نہ کوئی شخص جسے ہیرو بننے کا شوق ہو یا کسی دماغی مرض میں گرفتار ہو یا کج رفتار ہو وہ کسی قانونِ اسلامی کے خلاف عَلَمِ مخالفت اونچا کرتا ہے جس کے گرو کچھ نادان افراد جمع ہوجاتے ہیں اور اس طرح ایک نئے اختلاف کا دروازہ کھل جاتا ہے 
عام مسلمانوں کی بے خبری اور آئیں اسلامی سے ان کا جہل اس طرح تفرقہ اندازی میں وہی کردار ادا کرتا ہے جو دشمن کی بیداری اور فن تفرقہ سے آگاہی ادا کرتی ہے ۔ یہ دونوں امور اس افتراق و اختلاف میں بہت موٴثر ہوتے ہیں ۔
کبھی ایسا ہوتا ہے کہ وہ مسائل جو صدیوں سے مورد بحث چلے آرہے ہیں، بعض لوگ تفرقہ ڈالنے کے لئے نئے سرے سے معرض بحث میں لاکر جنجال برپا کرتے ہیں تاکہ عوام کے افکار کو اپنی طرف متوجہ کریں لیکن جیسا کہ آیت مذکورہ بالا کہہ رہی ہے اسلام ایسے لوگ سے اور اسلام سے بیگانہ ہیںاور آخر میں ان تفرقہ انداز افراد کی تمام کوشش رائیگاں جائیں گی ۔ (3)

مذہب شیعہ پر موٴلف ”المنار“ کے ناروا حملے

موٴلف تفسیر ”المنار“ جو ملّتِ شیعہ سے بری طرح بدظن ہیں اتنا ہی عقائد شیعہ اور تاریخ شیعہ سے با خبر بھی ہیں ۔ اس آیت کے ذیل میں دعوت اتحاد و اتفاق کی نقاب ڈال کر موصوف نے شیعوں پہ خامہ فرسائی کی ہے اور ان پر یہ اتہام لگایا ہے کہ یہ شیعہ ہیں کہ جنھوں نے اسلام میں تفرقہ ڈالا ہے، یہ اسلام کے مخالف ہیں اور مذہب کے نام پر خلاف اسلام اعمال میں مشغول ہیں!، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آیہ مذکورہ میں جو لفظ ”شیعاً“ آیا ہے، اور جس کو مسئلہ ”تشیع یا شیعہ“ سے کوئی ربط نہیں ہے اسے اپنے پوچ دعوے کے اثبات میں عنوان قرار دیا ہے:۔
ان صاحب کی عبارتیں اور ان کے قلم سے نکلے ہوئے الفاظ خود ان کے اعتراض کا جواب ہیں اور وہ اس بات کے زبر دست شاہد ہیں کہ ان کو تاریخ و عقائد شیعہ کا کوئی علم نہیں ہے کیونکہ:
<۱ موصوف نے پہلے تویہ دعویٰ کیا ہے کہ ملت ”شیعہ“اور ”عبداللہ بن سبا“ یہودی کے درمیان ربط خاص ہے، حالانکہ عبد اللہ بن سبا کا وجود ہی مشکوک ہے (4)اور بہ فرض وجود اس نے تاریخ شیعہ یا کتب شیعہ میں کوئی کردار ادا انھیں کیا ہے، پھر یہ ادعا کیا ہے کہ ”شیعہ“ اور فرقہ ”باطنیہ“ اور فرقہ ”ضالّہ“ کے درمیان ارتباط ہے حالانکہ یہ دونوں فرتے شیعوں کے سخت دشمن ہیں ۔ اگر کسی کو تاریخ شیعہ سے مختصر آگاہی ہو تو اسے بھی پتہ چل جائے گا کہ اس قسم کے دعوے و اہی خیالات سے زیادہ حیثیت نہیں رکھتے بلکہ یہ افترا و تہمت ہیں ۔ سب سے زیادہ عجیب بات یہ ہے کہ موصوف نے شیعوں کو ”غُلات“ سے نسب دی ہے (غلات وہ فرقہ ہے جس نے حضرت علی علیہ السلام کے بارے میں غلو کیا ہے اور وہ انھیں خدا سمجھتا ہے) حالانکہ فقہ شیعہ میں انھیں ایسے کافروں کی فہرست میں شمار کیا گیا ہے جن کا کفر مسلّم ہے ۔ اس کے باوجود موصوف لکھتے ہیں شیعہ اہل بیت علیہم السلام اور دوسری چیزوں کی پرستش کرتے ہیں ۔
یہ مسلمہ بات ہے کہ اگر موٴلف ”المنار “ قبل از تحقیق فیصلہ اور بے جا تعصبات سے اجتناب کرتے اور اس بات کی کوشش کرتے کہ شیعہ عقائد کو خود شیعوں سے دریافت کرتے یا ان کی کتابیں پڑھتے ، نہ کہ ان کے دشمنوں کی کتابوں کو اپنا مدرک علم و معلومات قرار دیتے ، تو ان کو بخوبی معلوم ہوجاتا کہ اس قسم کی باتیں ان سے منسوب کرنا نہ صرف کذب و بہتان ہے بلکہ مضحکہ خیر اور خندہ آور بھی ہے ۔
اس سے بھی زیادہ عجیب بات یہ ہے کہ انھوں نے مذہب شیعہ کی پیدائش کو ایرانیوں کی طرف منسوب کیا ہے حالانکہ ایرانیوں کے شیعہ ہونے سے کئی صدیاں قبل”مذہب تشیع“ عراق حجاز اور مصر میں پھیل چکا تھا ۔ مدارک تاریخی اس حقیقت کے زندہ گواہ ہیں ۔(5)
<۲ شیعوں کا ایک بڑاگناہ یہ ہے کہ انھوں نے حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ  و سلم کے اس قطعی فرمان پر عمل کیا ہے جو اہل سنت کے معتبر ترین مدرکوں میں بھی مذکورہ ہے اور وہ فرمان یہ ہے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ و آلہ  و سلم نے ارشاد فرمایا:
”میں تمھارے درمیان دوگران مایہ چیزیں اپنی یادگار کے طور پر چھوڑے جارہا ہوں، ان سے و ابستہ رہنا کبھی بھی گمراہ نہ ہوگے ، خدا کی کتاب اور میری عترت“ ۔(6)
شیعوں کا قصور یہ ہے کہ انھوں نے مشکلات اسلامی میں اپنی پناہ گاہ ان ہستیوں کو بنایا ہے جو آئین اسلام سے سب سے زیادہ آگاہ تھیں ۔ اور وہ اہل بیت رسول علیہم السلام کی ذوات مقدسہ ہیں ۔ چنانچہ شیعوں نے انہی سے اپنے احکام دین اخذ کیے ہیں ۔
شیعوں کی خطا یہ بھی ہے وہ عقل و منطق کی پیروی کرتے ہوئے قرآن و سنت کے زیر سایہ ”اجتہاد“ کے دروازہ کو کھلا ہوا سمجھتے ہیں اس طرح سے انھوں نے فقہ اسلامی کو حرکت بخشی ہے چنانچہ وہ کتے ہیں:
اس امر کی کیا دلیل ہے کہ قرآن و سنت کو سمجھنے کی قوت کو صرف ”چار افراد“ میں منحصر کردیا جائے اور ان کے علاوہ باقی تمام افراد کو ان کی پیروی کرنے پر مجبور کیا جائے؟

کیا قرآنی خطابات کا رُخ ہر زمانے کے ایماندار افراد کی طرف نہیں ہے؟

کیا اصحاب رسول قرآن اور سنت کو سمجھنے کے لئے کچھ معین اشخاص کی پیروی کرتے تھے؟
لہٰذا اس کی کیا ضرورت ہے کہ ہم اسلام کو ایک پرانی اور خشک چار دیواری جس کا نام ”مذاہب اربعہ ہے“ میں محصور کریں؟!
شیعوں کا گناہ یہ بھی ہے کہ وہ کہتے ہیں:
اصحاب پیغمبر کو دیگر افراد کی طرح ایمان و عمل کی کسوٹی پر پرکھنا چاہیے، ان میں سے جن کا عمل قرآن و سنت کے مطابق ہے وہ اچھے ہیں (اور ان سے محبت کی جائے) اور وہ اصحاب جنھوں نے پیغمبر کے دور میں یا آنحضرت کے وصال کے بعد کتاب و سنت کے خلاف عمل کیا ہے انھیں چھوڑ دینا چاہیے اور محض لفظ ”صحابی“ کو فتنہ پروروں کے لئے ایک ڈھال نہ بنایا جائے اور معاویہ جیسے افراد کو محترم نہ سمجھا جائے وہ معاویہ کہ جس نے تمام ضوابط اسلامی کو پیروں تلے روند دیا تھا اور اس نے اس امام وقت پر خروج کیا جسے تمام امت اسلامی کم از کم اس دور میں امام مانتی ہے، اور اس نے بہت سے بے گناہوں کا خون بہایا تھا، یہی حال کچھ ان اصحاب کا ہے جو دولت کی طمع میں معاویہ کے طرفدار اور اس بغاوت میں اس کے شریک کار رہے ۔
ہاں شیعہ اس طرح کے گناہوں کے مرتکب بھی ہیں اور معترف بھی لیکن ذرا بتلانا کہ شیعوں سے زیادہ مظلوم بھی کوئی ایسی قوم ہے جس کی تاریخ اور زندگی کے درخشاں و پر وقار پہلووں کو تاریک کرکے پیش کیا جائے؟ دروغ و بہتان کا ایک طو مار اس کے خلاف باندھ دیا جائے؟ یہاں تک کہ اسے اتنی اجازت بھی نہ ملے کہ وہ اپنی صفائی کے طور پر عام مسلمانوں میں اپنے عقائد کی تبلیغ کرسکے بلکہ یہ کہا جائے کہ اس کے عقائد کو اس کے دشمنوں سے اخذ کیا جائے نہ کہ خود اس سے!
کیا وہ گروہ جو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ  و سلم کے فرمان (حدیث ثقلین) پر عمل پیرا ہے (جبکہ دوسروں نے اس پر عمل نہیں کیا) تفرقہ انداز اور نفاق پر ور محسوب ہوگیا؟ کیا یہ مناسب ہے کہ یہ گروہ جس راہ پر جارہا ہے اس پر چلنے سے روک دیا جائے تاکہ اتحاد و اتفاق قائم ہوجائے یا ان لوگوں کو آگے بڑھنے سے روکنا چاہیے جو منزل سے بھٹک گئے ہیں؟!
<۳علوم اسلامی کی تاریخ بتلاتی ہے کہ علوم اسلامی میں بالعلوم شیعہ ہی پیش قدم تھے ۔ یہاں تک کہ شیعوں کو علوم اسلامی کا موجد اور مورث اعلیٰ سمجھا جاتا ہے ۔(7)
علمائے شیعہ نے جو گر انقدر کتابیں علم تفسیر، تاریخ، حدیث، فقہ، اصول، رجال اور فلسفہ اسلامی میں لکھی ہیں یہ کوئی ایسی بات نہیں ہے جسے چھپایا جا سکے ۔ یہ کتابیں تمام عمومی کتاب خانوں میں موجود ہیں جن سے لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں (ہاں اس سے اہل سنت کے بعض کتب خانے مستثنیٰ ہیں جہاں عام طور پر کتب شیعہ کا داخلہ ممنوع ہے، حالانکہ ہم نے صدیوں سے اپنے کتب خانوں میں کتب اہل سنت کے داخلے کی عام اجازت دے رکھی ہے!) اور یہ کتابیں ہمارے دعوے کی زندہ دلیل ہیں ۔
سوال یہ ہے کہ جن لوگوں نے یہ تمام بیش قیمت کتابیں عظمتِ اسلامی اور تعلیمات اسلامی اور تعلیمات اسلام کو پھیلانے کے لئے لکھی ہیں کیا یہ سب اسلام کے دشمن تھے؟

کیا کوئی ایسا دشمن تمہاری نظر میں ہے جس نے اس قدر دوستی اور محبت کی ہو؟

آیا سوائے مخلص عاشق کے کوئی ایسا شخص ہے جس نے قرآن اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ  وسلم کے لئے اتنی اہم خدمات انجام دی ہوں؟
آخر کلام میں ہمیں صرف اتنا کہنا ہے کہ اگر واقعاً آپ یہ چاہتے ہیں کہ نفاق اور تفرقہ دور ہوجائے، تو آئیے بجائے تہمت تراشویوں کے ایک دوسرے کو پہچاننے کی کوشش کریں کیونکہ اس طرح نارواتہمتیں نہ صرف اتحاد اسلامی کو کوئی فائدہ نہیں پہنچاتی ہیں بلکہ وحدت اسلامی پر کاری ضرب لگاتی ہیں ۔

جزا بیشتر سزا کمتر !

اس کے بعد کی آیت میں اللہ کی رحمت اور اس کی وسیع جزا کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جو اس کے نیکو کار بندوں کو دی جائے گی اور پچھلی آیت میں جو تہدید کی گئی ہے اس کی تکمیل اس تشویق سے کی گئی ہے، فرماتا ہے: جس نے بھی کوئی نیک کام کیا اسے دس گناہ بدلہ ملے گا

(مَنْ جَاءَ بِالْحَسَنَةِ فَلَہُ عَشْرُ اٴَمْثَالِھَا) ۔
اور جس نے بھی بُرا کام کیا اس سے زیادہ سزا نہیں دی جائے گی (وَمَنْ جَاءَ بِالسَّیِّئَةِ فَلَایُجْزیٰ إِلاَّ مِثْلَھَا) ۔
مزید تاکید کے لئے اس جملے کا بھی اضافہ کیا ہے: ان پر کسی قسم کا ظلم نہیں کیا جائے گا، وہ صرف اپنے عمل بد کے برابر سزا پائیں گے ( وَھُمْ لَایُظْلَمُونَ)
یہاں پر یہ سوال ہوتا ہے کہ آیت مذکورہ بالا میں ”حسنة“ اور ”سیئة“ سے کیا مراد ہے؟ آیا اس سے مراد صرف ”توحید“ اور ”شرک“ ہے یا اس سے زیادہ وسیع معنی مراد ہیں ۔ اس مسئلے میں مفسرین کے مابین گفتگو ہے لیکن آیت کا ظاہر ہر قسم کے نیک عمل ، نیک فکر ، نیک عقیدہ یا بد فکر، بد عقیدہ کو اپنے دائرہ میں سموئے ہوئے ہے کیونکہ ”حسنة“ و ”سیئة“ کے معنی کو محدود کرنے پر کوئی دلیل نہیں ہے ۔



1۔ تفسیر نور الثقلین، جلد اوّل، ص۶۸۳-
2۔ تفسیر علی بن ابراہیم قمی-
3۔ مزید توضیح کے لئے ملاحظہ ہو تفسیر نمونہ جلد ۳۔
4۔ مصری عالم ”طٰہٰ حسین“ نے اپنی کتاب ”عبداللہ بن سبا“ میں اسی بات کو اپنی اس کتاب کا موضوع سخن بنایا ہے کہ یہ شخص کو انھوں نے اس میں یہ ثابت کیا ہے کہ یہ ایک فرضی شخصیت ہے جسے محض شیعوں کو بدنام کرنے کے لئے تراشا گیا ہے، ملاحظہ ہو کتاب ”عبد اللہ بن سیا“ مطبوعہ مصر (مترجم) ۔
5۔ علامہ ابوحاتم سہل بن عثمان سجتانی بصری نحوی اوقات ۲۲۸،ء میں اپنی کتاب ”الزنتہ,, کی جلد سوم میں لفظ ”شیعہ“ کے ذیل میں تحریر فرماتے ہیں:۔
اسلام میں حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ، کی موجود گی میں سب سے پہلے جو نام ظاہر ہوا وہ نام ”شیعہ“ سے پہلے یہ چار صحابیوں کا لقب تھا: سلمان فارسی، ابوذر غفاری، مقداد بن اسود اور عمار یاسر، صفین کی جنگ ہونے تک صرف ان چاروں کو لقب ”شیعہ“ سے پکارا جاتا تھا، جب جنگ صفین برپا ہوئی تو اس نم ”شیعہ“ نے تمام دوستان علی بن ابی طالب میں شہرت حاصل کرلی تاسیس الشیعہ ۲۴۰ ء (مترجم) ۔
6۔ ملاحظہ ہو: صحیح ترمندی ۳/۱۰۰ سنن بہیقی ۱/۱۳ سنن دارمی ۲/۴۳۱ کنزا العمل ۱/۱۵۴ و ۱۵۹ طبقات ابن سعد ۲/۲ و کتب دیگر اور صحیح مسلم ۲/ ۳۲۶ طبع لکھنو (مترجم) ۔
7۔ اس امر کے مدارک سے آگاہ ہونے کے لئے ملاحضہ ہو کتاب ”تاسیس الشیعہ العلوم الاسلام“ اور کتاب ”اصل الشیعہ و اصول“ خوش قسمتی سے دونوں کتابوں کا فارسی ترجمہ ہوچکا ہے (دوسری کتاب کا اردو میں بھی ترجمہ ہو چکا ہے ۔ مترجم) ۔
چند مزید نکاتنفاق پھیلانے والوں سے علیحدگی کا حکم
12
13
14
15
16
17
18
19
20
Lotus
Mitra
Nazanin
Titr
Tahoma