نماز جماعت

سایٹ دفتر حضرت آیة اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی

صفحه کاربران ویژه - خروج
ذخیره کریں
 
استفتائات جدید 01
جمعہ اور عیدین کی نماز نماز اجارہ اورنماز قضا

سوال ۲۴۱۔ کیا ایک نماز میں دو اماموں کی اقتداء کی جاسکتی ہے ۔

جواب:۔ضروری موقعوں کے علاوہ ایک نماز میں دو شخصوں کی اقتداء نہیں کی جاسکتی ۔

سوال ۲۴۲۔ جن لوگوں نے مسجد کی تیسری منزل پر( پہلی منزل کی ) جماعت کےساتھ نماز پڑھی ہے ، ان کی نما ز کا کیا حکم ہے َ

جواب:،۔ اگر وہ جماعت پہلی منزل پر منعقد جماعت کے ساتھ ایک ہی جماعت شما ر ہوتی ہے تو کوئی حرج نہیں ہے۔

سوال ۲۴۳۔ میں ایک مسجد کا امام جماعت ہوں ، برائے مہر بانی میرے لئے ایک اجازہ مرحمت فرمائیے ؟

جواب:۔ اگر مسجد میں جماعت کرانا آپ کی مرادہے تو اجازہ کی ضرورت نہیں ہے اور اگر کوئی دوسری چیز مقصود ہے تو تحریر کریں تاکہ جواب دیا جائے۔

سوال ۲۴۴۔ کیا ایک مرجع کا مقلِّد ، دوسرے مرجع کے مقلِّد کی امامت میں نماز پڑھ سکتا ہے ۔

جواب:۔ ہر مجتہد کا مقلِّد ہر مجتہد کے مقلِّدکی امامت میں نماز پڑھ سکتا ہے مگر یہ کہ اس کی نماز کے باطل ہونے کا علم ہو جائے ۔

سوال ۲۴۵۔ کیا مسجد و محراب کا اختیار امام راتب کو ہے؟ اس طرح کہ دوسرے شخص کے وہاں نماز پڑھانے میں اشکال ہویا یہ کہ امام راتب کا اولیٰ ہونا افضل ہونے کی وجہ سے ہے؟ مہر بانی فرماکر وضاحت کریں ۔

جواب:۔ امام راتب کے حق کی مراعات واجب نہیں بلکہ مستحب ہے البتہ اختلافات سے بچنے کے لئے بہتر ہے کہ اس طرح کے مسائل کی رعایت کی جائے ۔

سوال ۲۴۶۔ اگر کسی شخص کا ایک ہاتھ کٹ جائے ، کیا امام جماعت کے فرائض انجام دے سکتا ہے ؟

جواب:۔ کوئی حرج نہیں ہے ۔

سوال ۲۴۷۔ ایک عالم دین کسی شہر یا بستی میں آتاہے لیکن اہل بستی اسے نہیں جانتے کیا نماز میں اس عالم کی اقتداء کی جاسکتی ہے ؟

جواب:۔ اگر اس کے عادل ہونے کا اطمنان حاصل ہوجائے تواقتداء کے لئے یہی کافی ہے ۔

سوال ۲۴۸۔ کیا وسواسی امام جماعت مثال کے طور پر جو ایک لفظ کو کئی مرتبہ دہراتا ہے ، کی اقتداء کرنا جائز ہے ؟

جواب:۔ اشکال سے خالی نہیں ہے ، لیکن توجہ رہے کہ احتیاط کی مراعات کرتے ہوئے کسی لفظ کو ایک یا دوبار دہرانا ، وسواس ہونے کی دلیل نہیں ہے ۔

سوال ۲۴۹۔ کسی شخص نے دیکھا کہ ایک امام جماعت ، تشہد پڑھنے میں مصروف ہے اسے علم یاگمان ہوا کہ آخری رکعت کا تشہد ہے ،ثواب حاصل کرنے کی نیت سے تشہد میں شامل ہو کر ، امام جماعت کی اقتداء کرلی ، بعد میں معلوم ہوا کہ وہ پہلا تشہد ہے ۔ اس شخص کا کیا وظیفہ ہے ؟

جواب :۔ احتیاط یہ ہے کہ نماز کو امام جماعت کے ساتھ کامل ادا کرے اور بعد میں دوبارہ نماز پڑھے ۔

سوال ۲۵۰۔ امام جماعت ایسے مرجع کامقلد ہے جس کے نزدیک ، دوسری مسجد میں دوسری جماعت کے ساتھ نماز کو دوبارہ پڑھنا جائز ہے لیکن دوسری مسجد کے ماٴموم اس مرجع کے مقلد ہیں جس کے نزدیک جائز نہیں ہے ، کیا دوسری مسجد کے ماموم ، اس امام جماعت کی اقتداء کرسکتے ہیں ؟

جواب :۔ نہیں کرسکتے لیکن اگر انہیں معلوم نہیں تو ان کے سامنے اس مطلب کی وضاحت کرنا ، امام جماعت پرلازم نہیں ہے ۔

سوال ۲۵۱۔ کوئی امام جماعت دو جگہ پر نماز پڑھا تا ہے ، کیا وہ شخص جو ہمیشہ امام جماعت کے ساتھ رہتا ہے ، دونوں جگہ پر مذکورہ امام جماعت کی اقتدا کرسکتا ہے ؟

جواب:۔ ماٴ موم کی دوسری نماز میں اشکال ہے ، مگر جبکہ احتمال دے کہ پہلی نماز میں کوئی خلل واقع ہو اتھا ، یا اپنی قضا نماز یا کسی میت کی قضا نماز کی نیت کرلے ، تو صحیح ہے ۔

سوال ۔۲۵۲۔ کسی شخص نے نماز پڑھنے کی غرض سے مسجد میں جا نماز بچھائی اور اس کے بعد باہر چلا گیا ، جماعت شروع ہوگئی اور وہ شخص ابھی تک واپس نہیں آیا کیا اس صورت میں جماعت کے شروع ہوتے ہی ، اس شخص کااس جگہ سے حق ساقط ہوجائے گا ۔اور دوسرا شخص اس جگہ پر نماز پڑھ سکتا ہے ؟

جواب:۔ احتیاط کا تقاضا یہ ہے کہ پہلی رکعت کے رکوع تک ، اسے مہلت دے ، اگر نہ آئے تودوسرے شخص کو نماز پڑھنے کا حق ہے ؟

سوال ۔۲۵۳۔ امام جماعت کا کسی حادثہ کے نتیجہ میں ، ایک پیر ٹوٹ گیا ، جس کی وجہ سے ان کا پیر صحیح سے مڑتا نہیں ہے کہ تشہد ، سجود اور سلام پڑھتے وقت دو زانو ہوکر بیٹھ سکیں ، بلکہ سجدے اور تشہد میں ، پیر کو تھوڑا سیدھا رکھنا پڑتا ہے ، لیکن دوسرے شرائط ان میں موجود ہیں ، کیا اس حال میں وہ امامت کے فرائض انجام دے سکتے ہیں ؟

جواب : جائز ہے۔

سوال ۔۲۵۴۔ خوا تین کی جماعت میں عورت کی امامت کا کیا حکم ہے؟

جواب ۔ جا ئز ہے

سوال ۔۲۵۵۔مسجد کا امام راتب عالم دین نہیں ( کوئی عام شخص ہے) اگر اتفاق سے کوئی عالم دین مسجد میں آجائے اور امام جماعت کے فرا ئض،انجام دینا چا ہے تو کیا غیر عالم امام راتب کی اجازت حاصل کرے؟آیا مو لانا کے ہو تے ہوئے کو ئی غیر مولوی امام جماعت ہو سکتا ہے یا نہیں؟

جواب:۔ اجازت لینا واجب نہیں ہے لیکن مومن کے اخلا ق سے بہت مناسب ہے،نیز جہا ں پر مولانا مو جود ہیں،غیر مولوی حضرات کی امامت اشکال سے خالی نہیں ہے۔

سوال ۔۲۵۶۔دوسری رکعت میں امام جماعت کے سورہ تو حید ( قل ھو اللہ احد) پڑھنے کے بعد، کیا ماموم کے لئے” کذا لک اللہ ربیّ“ کہنا جائز ہے؟

جواب ۔مطلق ذکر کی نیت سے کو ئی حرج نہیں ہے۔

سوال۔۲۵۷۔ ایک امام جماعت نے مسجد بنانے کے لئے کچھ رقم مامومین اور لوگوں سے جمع کی اور کچھ رقم سہم امام کی حاصل کی لیکن اس سلسلہ میں کوئی اقدام نہیں کیا جن لوگوں نے رقم دی تھی وہ اب رقم واپس مانگ رہے ہیں امام جماعت کہتے ہیں کہ تمہں رقم کی واپسی کے مطالبہ کا کوئی حق نہیں ہے میں حاکم شرح کی جانب سے وکیل ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ کیا کرنا ہے کیا اس عالم دین کے پیچھے نماز پڑھنا جائز ہے ؟

جواب:۔ اگر مذکورہ رقم سہم امام علیہ السلام کے عنوان سے دی گئی ہے تو اس صورت میں مجتہد یا ان کے نمائندے کی رای کے مطابق اسے عمل کرنا چاہئیے اور اگر لوگوں نے عطیہ وغیرہ کے طور پر دی ہے تو اسے لوگوں کی رائے کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے اسے پورا کرنا چاہئیے ۔

سوال ۲۵۸۔ نما ز جماعت منعقد ہے ، یعنی جماعت ہو رہی ہے اس کے باوجود بعض لوگ وہیں پر فرادیٰ نما پڑھتے ہیں ، ان کی نماز کا کیا حکم ہے ؟

جواب:۔ جب بھی امام جماعت کی بے حر متی ہوجائے تب ان کی نماز میں اشکال ہے ۔

سوال ۱۵۹۔ اگر کوئی امام جماعت نما زکے بعد سمجھ جائے کہ اس کی نماز باطل تھی ، کیا اس پرمامومین کواطلاع دینا لازم ہے تاکہ وہ لوگ دوبارہ اپنی نما ادا کرسکیں ؟

جواب:۔ لازم نہیں ہے ۔

سوا ل۲۶۰۔ کیا یومیہ نمازوں کی جماعت میں خواتین کا شرکت کرنا مکروہ ہے ؟

جواب:۔ موجودہ حالات میں ان کی شرکت بہتر اور بعض اوقات لازم ہے ۔

سوال ۲۶۱۔ جو شخص کھڑے ہوکر نما زپڑھتا ہے معمول کے مطابق رکوع کرتا ہے لیکن سجدے کے لئے کرسی پر بیٹھ کر میز ہر سجدہ گاپرکھ کر سجدہ کرتا ہے ، کیا ایسا شخص امام جماعت کے فرائض انجام دے سکتا ہے ؟

جواب:۔ احتیاط واجب کی بنابر امامت نہ کرے۔

سوال ۲۶۲۔ اگر کوئی شخص امام جماعت کی قراٴ ت کے بارے میں شک کرے کہ اس کے مرجع کے فتوے کے مطابق ہے یانہیں کیا اس صورت میں امام جماعت کی اقتداء کرسکتا ہے ؟

اور اگر اقتداء کرنا جائز ہے تو کیا احتیاط کے طور پر نماز دوبارہ پڑھنا لازم ہے ؟

جواب:۔ جب تک فتوے کے برخلاف ہو جانے کا یقین نہ ہو جا ئے اقتداء کرنا جائز ہے اور احتیاط کے طور پر دوبارہ نما زپڑھنا بھی لازم نہیں ہے ۔

سوال ۲۶۳۔ اگر شہر کی جامع مسجد میں جماعت ہو رہی ہو اور قلیل تعداد میں کچھ لوگ جماعت کے ہوتے وقت ، ضعیف اور کمزور کرنے کے ارادے سے ، فرادیٰ نما ز پڑھنے لگیں، ان کی نماز کا کیا حکم ہے ؟

جواب:۔ ان کی نماز میں اشکال ہے ۔

سوال ۲۶۴۔ پہلی صف میں تین شخص جن کا لباس نجس ہے نماز پڑھ رہے ہیں کیا ان کی وجہ سے داہنی جانب نما ز پڑھنے والوں کا، جماعت سے اتصال ختم ہو جاتا ہے ؟

جواب:۔ جب تک کسی شخص کو یہ معلوم نہ ہو کہ اس کا لباس یا بدن نجس ہے اور نماز پڑھ لے تو اس کی نماز صحیح ہے ، اور جماعت کا اتصال بھی بر قرار رہتا ہے۔

سوال ۲۶۵۔ گاوٴں کے لوگوں نے مجھے نماز جماعت کے فرائض انجام دینے کی پیش کش کی تاکہ عالم دین نہ ہونے کی صورت میں ، نماز جماعت بر قرار رہے ، نیز وہ محترم علماء دین بھی جو اس گاوٴں میں تبلیغ کے لئے تشریف لاتے ہیں انہوں نے بھی دعوت دی ہے لیکن میں نظر کی کمزوری کی وجہ سے ، احتیاط کررہاہوں چنانچہ اگر آپ اجازت مرحمت فرمائیں تو میں اس ذمہ داری کو سنبھال لوں؟

جواب:۔ اگر مومنین آپ کی عدالت کا یقین رکھتے ہیں ، اور آپ کی قرائت صحیح ہے اور کوئی عالم دین جماعت کرانے کے لئے موجود نہیں ہے تو اس صورت میں آپ جماعت کراسکتے ہیں ۔

جمعہ اور عیدین کی نماز نماز اجارہ اورنماز قضا
12
13
14
15
16
17
18
19
20
Lotus
Mitra
Nazanin
Titr
Tahoma