ابراہیم بت شکن کی زندگی کے کچھ حالات

سایٹ دفتر حضرت آیة اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی

صفحه کاربران ویژه - خروج
ذخیره کریں
 
تفسیر نمونہ جلد 09
تفسیرچند اہم نکات

اب ابراہیم جیسے بہادر بت شکن کی زندگی کے کچھ حالات کی باری ہے ۔
البتہ اس عظیم پیغمبر کی بھر پور زندگی کے بارے میں زیادہ تفصیل قرآن کی دوسری سورتوں میں آئی ہے، مثلا ًسورہٴ بقرہ، آل عمران، نساء،انعام اور انبیاء وغیرہ، یہاں ان کی زندگی کا صرف ایک حصہ ذکر ہوا ہے جو قوم لوط کے واقعہ سے اور اس سرکش گناہ آلود گروہ کے عذاب دئے جانے سے مربوط ہے ۔
پہلے ارشاد ہوتا ہے: ہمارے بھیجے ہوئے ابراہیم کے پاس ایک بشارت لے کرآئے (وَلَقَدْ جَائَتْ رُسُلُنَا إِبْرَاھِیمَ بِالْبُشْریٰ ) ۔
جیسا کہ بعد کی آیات سے معلوم ہوگا یہ کدا کے بھیجے ہوئے وہی فرشتے تھے جو قوم لوط کو تباہ وبرباد کرنے پر مامور تھے لیکن پہلے وہ حضرت ابراہم (علیه السلام) کے پاس ایک پیغام دینے آئے تھے ۔
اس بارے میں کہ وہ کونسی بشارت لے کر آئے تھے، دو احتمالات ہیں اور ان دونوں کو جمع کرنے میں کوئی مانع نہیں ہے ۔
پہلا احتمال یہ ہے کہ وہ حضرت اسماعیل (علیه السلام) اور حضرت اسحاق (علیه السلام) کی پیدائش کی بشارت تھی کیوں کہ حضرت ابراہم (علیه السلام) کی ایک طویل عمر گزر چکی تھی، ابھی تک ان کی کوئی اولاد نہ تھی، ان کی آرزو تھی کہ ان کا ایک یا کئی بیٹے ہوں جو صاحب نبوت ہوں، اس لئے حضرت اسماعیل (علیه السلام) اور حضرت اسحاق (علیه السلام) کی پیدائش کی خبر ان کے لئے ایک عظیم بشارت تھی ۔
دوسرا احتمال یہ ہے کہ حضرت ابراہم (علیه السلام) قوم لوط کے فساد اور سرکشی سے بہت ناراحت تھے جب انھیںمعلوم ہوا کہ فرشتے ان کے بارے میں یہ ھکم لائے ہیں تو انھیں راحت ملی ۔
بہرحال جب بھیجے ہوئے (رسولان) ان کے پاس آئے تو انھوں نے سلام کیا (قَالُوا سَلَامًا )، اس نے بھی ان کے جواب میں سلام کہا (قالَ سَلَام) ۔
زیادہ دیر نہ گزری تھی کہ ان کے لئے بھنا ہوا بچھڑا لے آئے ( فَمَا لَبِثَ اٴَنْ جَاءَ بِعِجْلٍ حَنِیذٍ) ۔
”عجل“ کا معنی ”بچھڑا“ اور ”گوسالہ“ اور ”حنید“ کا معنی ہے”بھنا ہوا“ بعض نے یہ احتمال ظاہر کیا ہے کہ ”عنید“ ہر قسم کے بھنے ہوئے کو نہیں کہتے بلکہ صرف اسی گوشت کو کہتے ہیں جو پتھروں کے اوپر رکھا جائے اور اس کے اطراف میں آگ روشن کی جائے لیکن آگ اس تک نہ پہنچے اور وہ خستہ اور بھنا ہوا ہوجائے ۔
اس جملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ مہمان نوازی کے آداب میں سے ایک یہ ہے کہ جتنا جلدی ہوسکے مہمان کے لئے کھانا تیار کیا جائے کیوں کہ مہمان جب کہیں سے آتا ہے خصوصا اگر مسافر ہوتو عموما تھکا ماندا اور بھوکا ہوتا ہے، اسے کھانے کی بھی ضرورت ہوتی ہے اور آرام کی بھی لہٰذا جلدی سے اس کے لئے کھانا تیار کیا جانا چاہیئے تاکہ وہ پھر آرام کرسکے ۔
ہوسکتا ہے کہ بعض تنقید کریں کہ چند مہمانوںکے لئے ایک بچھڑا زیادہ ہے لیکن اس طرف توجہ کرتے ہوئے اول تو مہمانوں کی تعداد قرآن نے صراحت سے بیان نہیں کی اور ان کی تعداد میں اختلاف ہے بعض نے تین، بعض چار،بعض نے نو اور بعض نے گیارہ افراد لکھے ہیں اور اس سے زیادہ کا بھی احتمال ہے، دوسرا یہ ہے کہ حضرت ابراہم (علیه السلام) کے پیروکار اور دوست احباب بھی تھے اور کن اور جان پہچان والے بھیاور یہ معمول ہے کہ بعض اوقات مہمان کے آنے پر مہمان کی ضرورت سے کئی گناہ زیادہ کھانا تیار کیا جاتا ہے اور سب اس سے استفادہ کرتے ہیں ۔
لیکن اس موقع پر ایک عجیب واقعہ پیش آیا اور وہ یہ کہ حضرت ابراہیم (علیه السلام)نے دیکھا کہ نو وارد کھانے کی طرف سے ہاتھ ہی نہیں بڑھاتے، یہ صورت ان کے لئے بالکل نئی تھی ، اس بنا پر آپ کو ان سے اجنبیت کا احساس ہوا، اور یہ معاملہ ان کی وحشت وپریشانی کا باعث بنا (فَلَمَّا رَاٴَی اٴَیْدِیَھُمْ لَاتَصِلُ إِلَیْہِ نَکِرَھُمْ وَاٴَوْجَسَ مِنْھُمْ خِیفَةً) ۔
اس امر کا سرچشمہ ایک دیرینہ روایت ہے جو آج تک ان موقعوں میں پائی جاتی ہے جو گزشتہ اچھی روایات کی پابند رہتی ہیں اور وہ یہ کہ اگر کوئی شخص دوسرے کا کھانا کھا لے یعنی اس کا نان ونمک کھالے تو اس کے بارے میں کوئی برا ارادہ نہیں کرتا، لہٰذا اگر کوئی واقعاً کسی کے بارے میں برا ارادہ رکھتا ہو تو کوشش کرتا ہے کہ اس کا نان ونمک نہ کھائے، اس لئے حضرت ابراہیم (علیه السلام) کو ان مہمانوں کے بارے میں شک ہوا اور سوچا کہ ہوسکتا ہے یہ کوئی برا ارادہ رکھے ہوں ۔
ان”رسولوں“کو یہ مسئلہ معلوم ہوگیا تو انھوں نے جلدی سے حضرت ابراہیم (علیه السلام) کا شک دور کردیا اور ”اس سے کہا: مت ڈریں ہم خدا کی طرف سے بھیجے گئے ہیں“اور ایک ظالم قوم کو عذاب کرنے پر مامور ہیں اور فرشتے غذا نہیں کھاتے ( قَالُوا لَاتَخَفْ إِنَّا اٴُرْسِلْنَا إِلیٰ قَوْمِ لُوطٍ) ۔
اس موقع پر ابراہیم کی بیوی (سارہ) جو وہاں کھڑی تھی ہنسی ( وَامْرَاٴَتُہُ قَائِمَةٌ فَضَحِکَتْ) ۔
شاید وہ اس لئے ہنسی ہوں کہ وہ بھی قوم لوط کے کرتوتوں سے سخت ناراحت اور پریشان تھیں اور ان کی سزا نزدی ک ہونے کا سن کر خوش ہوئیں ۔
یہ احتمال بھی ہے کہ وہ تعجب بلکہ وحشت کے باعث ہنسی ہوں کیوں کہ ہنسی صرف مسرت کے لمحات کے لئے مخصوص نہیں بلکہ گاہے ایسا بھی ہوتا ہے کہ انسان شدت وحشت و تکلیف پر ہنستا ہے، عربوں کی مشہور ضرب المثل ہے :
شر الشدائد ما یضحک۔
بدترین مشکلات وہ ہیں جو انسان کو ہنسا دیں ۔
یا ہوسکتا ہے کہ وہ اس بنا پر ہنسی ہوں کہ کھانا موجود ہے لیکن نووارد مہمان ہاتھ کیوں نہیں بڑھاتے ۔
یہ احتمال بھی ذکر کیا گیا ہے کہ وہ بیٹے کی خوشخبری پر ہنسی تھیں اگر چہ ظاہر آیت اس تفسیر کی نفی کرتی ہے کیوں کہ اسحاق کی بشارت انھیں اس ہنسنے کے بعد دی گئی ہے ہاں البتہ اگر یہ کہا جائے کہ پہلے انھوں نے ابراہیم کو بشارت دی ہو، سارا نے یہ بات سن لی ہو اور وہ اس احتمال پر خوش ہوئی ہوں کہ ان سے ابراہیم (علیه السلام) کا فرزند ہوگا ۔
لیکن انھوں نے تعجب کیا کہ کیا اس سن وسال میں ممکن ہے کہ ایک بوڑھی عورت اپنے بوڑھے شوہر کے بچے کو جنم دے، لہٰذا انہویں نے تعجب سے ان سے سوال کیا اور انھوں نے صراحت سے کہا: جی ہاں! یہ بچہ تجھی سے ہوگا، سورہ ذارعات کی آیات میں غور کرنے سے اس معنی کی تائید ہوتی ہے ۔
یہ بات قابل توجہ ہے کہ بعض مفسرین کا اصرار ہے کہ یہاں پر ” ضحکت“ ”ضحک“(بروزن ”درک“) کے مادہ سے عورتوں کے ماہواری کے معنی میں ہے، وہ کہتے ہیں کہ اسی وقت سارا کو دوبارہ ماہواری شروع ہوگئی جب کہ پہلے ختم ہوچکی تھی اور وہ حد یاس تک پہنچ چکی تھیں اور یہ ماہواری بچہ کی پیدائش کے امکان کی نشانی ہے، لہٰذا انھوں نے سارا کو اسحاق کے پیدا ہونے کی بشارت دی تو پھر انھوں نے مسئلہ کو پوری طرح باور کیا، مفسرین نے اس بات سے استدلال کیا ہے کہ لغت عرب میں کہا جاتا ہے :
ضحک الارانب ۔
یعنی ۔ خرگوش کی ماہواری شروع ہوگئی ۔
لیکن مختصر پہلو کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ احتمال بعید معلوم ہوتا ہے کیوں کہ:
اوّلاً یہ نہیں سنا گیا کہ مادہ لغت عرب میں انسان کے بارے میں استعمال ہوا ہے، اسی لئے راغب نے مفرادات میں جب یہ معنی ذکر کیا ہے تو صراحت سے کہا ہے کہ یہ لفظ ” ضحکت“ کی تفسیر نہیں ہے جیسا کہ بعض مفسرین نے خیال کیا ہے بلکہ اس لفظ کا معنی ہنسنا ہی ہے لیکن ہنستے ہوئے اسے ماہواری بھی شروع ہوگئی اور یہ دونوں چیزیں آپس میں خلط ملط ہوگئیں ۔
ثانیاً اگر یہ لفظ ایام ماہواری شروع ہونے کے بارے میں ہوتو پھر سارا کو اس کے بعد اسحاق کی بشارت پر تعجب نہیں کرنا چاہیئے تھا کیوں کہ اس حالت میں بچہ جننا کوئی عجیب بات نہیں ہے، حالانکہ اسی آیت کے بعد والے جملوں سے معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے نہ صرف تعجب کیا بلکہ پکار کر کہا کہ وائے ہو مجھ پر کیا ممکن ہے کہ میں بوڑھی عورت بچہ جنوں؟
بہرحال یہ احتمال آیت کی تفسیر سے بہت بعید نظر آتا ہے ۔
قرآن مزید کہتا ہے:اس کے بعد ہم نے اسے بشارت دی کہ اس سے اسحاق پیدا ہوگا اور اسحاق کے بعد اسحاق سے یعقوب ہوگا ( فَبَشَّرْنَاھَا بِإِسْحَاقَ وَمِنْ وَرَاءِ إِسْحَاقَ یَعْقُوبَ) ۔
در حقیقت انھیں بیٹے کی بشارت بھی دی گئی اور پوتے کی بھی، ایک اسحاق اور دوسرایعقوب،جو دونوں انبیاء خدا میں سے تھے ۔
ابراہیم کی بیوی سارا جو اپنی اور اپنے شوہر کی زیادہ عمر کی وجہ سے بچے کی پیدائش سے بہت مایوس اورر ناامید ہوچکی تھیں”بڑے تعجب آمیز لہجے میں پکاری: اے وائے ہو مجھ پر میں بچہ جنوں گی جب کہ میں بوڑھی ہوں اور میرا شوہر بھی بوڑھا ہے، یہ بہت ہی عجیب معاملہ ہے ( قَالَتْ یَاوَیْلَتَا اٴَاٴَلِدُ وَاٴَنَا عَجُوزٌ وَھٰذَا بَعْلِی شَیْخًا إِنَّ ھٰذَا لَشَیْءٌ عَجِیبٌ) ۔
وہ حق بجانب تھی کہ تعجب کرتی کیوںکہ اول تو سورہٴ ذارعات کی آیہ ۲۹ کے مطابق وہ جوانی میں ہی بانجھ تھی اور ثانیا جس روز اسے یہ خوشخبری دی گئی مفسرین کے بقول اور تورات کے سفر تکوین کے مطابق وہ نوے سال یا اس سے بھی زیادہ عمر کی تھی اور اس کے شوہر ابراہیم (علیه السلام) اس وقت تقریبا سو سال یا اس سے بھی زیادہ عمر کے تھے ۔
یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ سارا نے اپنے بڑھاپے سے بھی استدلال کیا اور اپنے شوہر کے بڑھاپے سے بھی حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ عورتوں کو عام طور پر پچاس سال کی عمر سے خون حیض بند ہوجاتا ہے کہ جوکہ بچہ جننے کے قابل نہ ہونے کی نشانی ہے ، یہ عادت منقطع ہوجاتی ہے تو پھر اس کے بعد ان سے بچہ پیدا ہونے کا احتمال بہت کم رہ جاتا ہے لیکن طبی تجربات نشان دہی کرتے ہیں کہ مردوں میں باپ ہونے کے لئے لطفے کی صلاحیت زیادہ عمر میں بھی باقی رہتی ہے لیکن اس سوال کا جواب واضح ہے کہ اگر چہ مردوں میں اس کا امکان باقی رہتا ہے لیکن بہرصورت اس کے بارے میں بھی بہت زیادہ سن میں یہ احتمال کمزور پڑ جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ سورہٴ حجر کی آیہ ۵۴ کے مطابق اس بشارت پر خود حضرت ابراہیم (علیه السلام) نے اپنے بڑھاپے کی وجہ سے تعجب کیا ۔
علاوہ ازیں نفسیاتی طور پر بھی شاید سارا نہیں چاہتی تھی کہ جرم ضعیفی صرف اپنی گردن پر لے لے ۔
بہرحال خدا نے بھیجے ہوؤں نے فوراً اسے اس تعجب سے نکالا اور اس خاندان پر خدا تعالیٰ کی جو پہلے سے بہت زیادہ نعمتیں رہی ہیں اور جس طرح سے خدا انھیں حوادث کے چنگل سے معجزانہ طور پر نجات دلاتا رہا ہے اسے یاد دلایا اور اس سے کہا: کیا فرمان خدا پر تعجب کرتی ہو ( قَالُوا اٴَتَعْجَبِینَ مِنْ اٴَمْرِ اللهِ )،حالانکہ خدا کی رحمت اور اس کی برکات تم اہل بیت پر تھیں اور ہیں(رَحْمَةُ اللهِ وَبَرَکَاتُہُ عَلَیْکُمْ اٴَھْلَ الْبَیْتِ )،وہی خدا جس نے ابراہیم کو نمرود جیسے ظالم کے چنگل سے نجات بخشی اور آگ میں صحیح وسالم رکھا، وہ خدا جس نے بہادر بت شکن ابراہیم کو جب کہ اس نے تن تنہا طاغوتوں پر حملہ کیا ہمت، طاقت، استقامت اور عقل ودانائی عطا کی (3)یہ رحمت وفیضان الٰہی صرف اس روز اور اس دور کے لئے نہ تھا بلکہ اس خاندان پر اسی طرح جاری وساری تھا اور ہے، پیغمبر اسلام (صلی الله علیه و آله وسلم) اور ائمہ اہل بیت (علیه السلام) سے بڑھ کر کیا برکت ہوگی جو کہ اس خاندان میں ظہور پذیر ہوئے ۔
یہاں مفسرین نے استدلال کیا ہے کہ انسان کی بیوی بھی ”اہل بیت“ کے مفہوم میں داخل ہے، اور یہ لفظ اولاد اور ماں باپ کے لئے مخصوص نہیں ہے، یہ استدلال صحیح ہے بلکہ اگر یہ آیت نہ بھی ہوتی تو لفظ ”اہل“ کے مفہوم کے لحاظ سے یہ معنی درست ہے لیکن کوئی مانع نہیں کہ کچھ لوگ اہل بیت پیغمبر کا حصہ ہوں لیکن الگ مکتب ومذہب پر کاربند ہونے کی وجہ سے روحانی اعتبار سے اور معنوی لحاظ سے اہل بیت سے خارج ہوجائیں ۔
( اس کی مزید تشریح انشاء اللہ سورہ احزاب کی آیہ ۳۳ میں آئے گی)
آیت کے آخر میں ۔فرشتوں نے زیادہ تاکید کے لئے کہا: ”وہ ایسا خدا ہے جو حمید اور مجید ہے“( إِنَّہُ حَمِیدٌ مَجِید) ۔
در اصل پروردگار کی ان دو صفات کا ذکر گزشتہ جملے کی دلیل ہے کیونکہ”حمید“اسے کہتے ہیں جس کے اعمال قابل تعریف ہوں، خدا کا یہ نام اس کی فراواں نعمتوں کی طرف اشارہ ہے جو وہ اپنے بندوں پر روا رکھتا ہے کہ جن کے جواب میں وہ اس کی حمد وثنا کرتے ہیں، نیز ”مجید“ اسے کہتے ہیں جو استحقاق سے پہلے بھی نعمت بخشتا ہے، کیا وہ خدا جو ان صفات کا حامل ہے اس سے عجیب معلوم ہوتا ہے کہ وہ اپنے پیغمبر کے خاندان کو ایسی نعمت(یعنی آبرومند اولاد) عطافرمائے ۔

 

۷۴ فَلَمَّا ذَھَبَ عَنْ إِبْرَاھِیمَ الرَّوْعُ وَجَائَتْہُ الْبُشْریٰ یُجَادِلُنَا فِی قَوْمِ لُوطٍ۔
۷۵ إِنَّ إِبْرَاھِیمَ لَحَلِیمٌ اٴَوَّاہٌ مُنِیبٌ۔
۷۶ یَاإِبْرَاھِیمُ اٴَعْرِضْ عَنْ ھٰذَا إِنَّہُ قَدْ جَاءَ اٴَمْرُ رَبِّکَ وَإِنَّھُمْ آتِیھِمْ عَذَابٌ غَیْرُ مَرْدُودٍ۔

ترجمہ
۷۴۔جب ابراہیم کا خوف جاتا رہا اور اسے بشارت مل گئی تو ہمارے ساتھ قوم لوط کے بارے میں جھگڑنے لگا ۔
۷۵۔کیونکہ ابراہیم بردبار، ہمدرد اور (خدا کی طرف)بازگشت کرنے والا تھا ۔
۷۶۔اے ابراہیم! اس سے صرف نظر کرلے کہ تیرے پروردگار کا فرمان آپہنچا اور (خدا کا)عذاب قطعی طور پر ان پر آئے گا اور وہ پلٹ نہیں سکتا ۔

 


1۔ تفسیر نمونہ، ج ۷، ص ۱۱۳(اردوترجمہ) پر بھی کچھ توضیحات آئی ہیں جو ایسی آیات سے فہم مقصود کے لئے موثر ہیں، قارئین کرام! اس سلسلے میں کتاب ”آفریدگارِ جہان“اور ”در جستجوی خدا “ کی طرف رجوع کریں ۔
2۔ اس سلسلے میں مزید وضاحت کے لئے تفسیر نمونہ، ج۶، ص ۲۱۰، (اردوترجمہ) کی طرف رجوع کریں ۔
3۔ممکن ہے ”رحمة اللّٰہ وبرکاتہ علیکم“جملہ خریہ ہو اور اس مقام پر یہ بھی امکان ہے کہ یہ دعا ئیہ پہلو رکھتا ہو لیکن پہلا احتمال زیادہ صحیح معلوم ہوتا ہے ۔

 

تفسیرچند اہم نکات
12
13
14
15
16
17
18
19
20
Lotus
Mitra
Nazanin
Titr
Tahoma